الیکشن / الیکشن کمیشن کے پاس رجسٹرڈ جماعتیں

پیپلز موومنٹ آف پاکستان


الیکشن کمیشن کے پاس رجسٹرڈ جماعتیں

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس پیپلز موومنٹ آف پاکستان کے نام سے ایک جماعت رجسٹرڈ ہے۔ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ کے مطابق اس کے موجودہ چیئرمین انوار احمد فاروقی ہیں جبکہ بانی چیئرمین ڈاکٹرتنویرزمانی ہیں، جنہوںنے پیپلز موومنٹ آف پاکستان کے نام سے اس سیاسی جماعت کی بنیاد رکھی۔ یہ پیشہ کے اعتبار سے ڈاکٹر فزیشن ہیں۔امریکی شہر نیویارک میں رہتی رہی ہیں اور اب پاکستان میں سیاست کرناچاہتی ہیں۔ ان کی جماعت2018کے عام انتخابات میں ملک بھر سے اپنے امیدوار میدان میں اتارنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ڈاکٹرتنویرزمانی کا کہنا ہے کہ پیپلزموومنٹ پاکستان کا مقصد نعرے اور دعوے نہیں بلکہ حقیقی عوامی خدمت ہے۔

ڈاکٹرتنویرزمانی نے خواتین پر زور دیا ہے کہ وہ میدان عمل میں آئیں اور پاکستان کو صحیح معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں اپنا کردار اداکریں۔انہوں نے کہا ہماری جدوجہد منی لانڈرنگ اور ملک کا پیسہ لوٹنے والے معاشی دہشت گردوں سے ہے۔ ہم پاکستان کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو دونوں بڑی سیاسی جماعتوں نے جمہوریت کے نام پر دھوکا دیا اور قومی خزانہ لوٹا۔ عوام کئی دہائیوں سے ان کی معاشی دہشت گردی کا شکار ہیں مگر پیپلزموومنٹ دنیا کے مختلف ملکوں میں چھپایا ان کا پیسہ واپس لائے گی۔ڈاکٹرتنویرزمانی نے کہا کہ اب وقت ہے کہ عوام فیصلہ کریں اور اپنے حق کے لیے کھڑے ہوں ۔غربت ‘بیروزگاری اور مہنگائی کا خاتمہ ان معاشی درندوں کے خاتمے سے مشروط ہے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر تنویر زمانی کچھ عرصہ قبل اس وقت خبروں کی زینت بنی تھیں جب ان کے بارے میں خبریں سامنے آئی تھیں کہ وہ مبینہ طور پر سابق صدر آصف علی زرداری کی بیوی ہیں اور ان کے بطن سے ان کا ایک بیٹا سجاول بھی ہے۔ خبروں کے بعد ڈاکٹر تنویر زمانی خود منظر عام پر آئیں اور ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران اپنے اور زرداری کے رشتے سے انکار کرتے ہوئے خود کو زرداری کی بہن قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے سامنے تمام سیاستدان سیاسی طور پر نابالغ ہیں۔ ان جیسی سمجھ بوجھ کسی کے پاس نہیں۔ انھوں نے بتایا کہ 2009 میں ان کی آصف زرداری سے ملاقات ہوئی۔ میرا نکاح بھٹو ازم سے ہوا تھا۔ میں نے عزیر بلو چ کو بیٹا کہا ہے تو ماں کا فرض نبھاوں گی۔ اگر عزیر بلوچ پر جرم ثابت ہو جاتا ہے تو میں اس کو اپنے ہاتھ سے پھانسی دیدوں گی۔

تاہم پیپلز پارٹی نے ڈاکٹر تنویر زمانی سے بالکل لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرتنویرزمانی کا پیپلز پارٹی سے کوئی تعلق نہیں، وہ پاکستان پیپلز پارٹی کی کبھی بھی کوئی عہدیدار نہیں رہی ہیں۔

تبصرہ کریں