الیکشن / الیکشن کمیشن کے پاس رجسٹرڈ جماعتیں

امن ترقی پارٹی


الیکشن کمیشن کے پاس رجسٹرڈ جماعتیں

 

پاکستان میں دیگر متعدد سیاسی جماعتوں کی موجودگی میں ایک اور سیاسی جماعت امن ترقی پارٹی کے نام سےمعرض وجود میں آ ئی ہے اور اسے الیکشن کمیشن نے انتخابی نشان ” ٹائر “ کے ساتھ رجسٹرڈ کرلیا ہے۔ پارٹی کے بانی و چیئرمین محمد فائق شاہ نے اپنے منشورکے ساتھ ملک بھر میں اپنی جدوجہد کا آغاز کردیا ہے اور آئندہ عام نتخابات میں تمام شہروں سے قومی و صوبائی امیدواروں کو کھڑا کیا جائیگا۔محمدفائق شاہ نے کہاہے کہ وہ پاکستان کو تعلیم یافتہ، صحت مند، معاشی ومعاشرتی خودمختاری اورپرامن ماحول دینے کی جدوجہد کرینگے۔ امن ترقی پارٹی رشوت،سفارش اور موروثی سیاست کاخاتمہ کرے گی۔۔سستاانصاف ،روایتی تھانہ کلچرکاخاتمہ اوراسمبلیوں کی مدت چارسال رکھنے کیلئے تحریک چلائی جائیگی۔

ان کا کہنا ہے کہ ملک کے طول وعرض میں بے شمارسیاسی جماعتوں کی موجودگی میں امن ترقی پارٹی کاقیام عمل میں لانااس لیے ضروری سمجھاگیا کیوں کہ ایک وسیع خلاموجودہے،قول وفعل کے تضادنے سیاسی جماعتوں کوعوام کے سامنے بے نقاب کردیاہے۔ ہم پاکستان کو ایک تعلیم یافتہ،صحت مند،ترقی یافتہ،معاشی خودمختارپرامن اورعظیم عالمی طاقت بنانے کے انقلابی منشور اورعملی یقین کے ساتھ میدان میں اترے ہیں ،جہاں اختیارکی جنگ،اقتدارکی رسہ کشی کاخاتمہ ہوگا اور کرپشن کوہونے سے پہلے،بنیادوں سے ہی ختم کردیاجائے گا۔

ایک ایسی جدو جہد جس سے شخصی اقتدار اور موروثی سیاست کا خاتمہ ہو۔ انصاف ہو۔ جہاں ہر شخص بر سرروزگار ہو۔ جہاں زندگی کی تمام بنیادی ضرورتوں تک ہر شہری کو رسائی ہو۔ جہاں بزرگ شہریوں اور معذورافراد کو ہر ممکن سہولت میسر ہو۔ جہاں کے نوجوان ملکی ترقی اور سیاست میں اپنا فعال کردار ادا کر رہے ہوں۔جہاں دفاعی، صنعتی اور زرعی ترقی کا انقلاب بپا ہو۔

معیشت سود سے پاک ہو۔ تعلیمی نصاب جدید اور دینی تقاضوں سے ہمکنار ہو امن ترقی پارٹی کے بنیادی مقاصد میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کو ایک جدید اسلامی و فلاحی ریاست بنانا ہے جہاں اسلامی شعائر ہماری زندگیوں کا لازمی جزو ہوں۔ معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے راہ روی اور بے حیائی کا خاتمہ ہو۔ نوجوانوں کی کردار سازی پر توجہ ہو۔ پاکستان حقیقی معنوں میں پاکستان ہو۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ جہالت اور بے شعوری ہمارا بنیادی اور سب سے بڑا مسئلہ ہے، اس کے خاتمے کے لیے ”چراغ علم جلاو‘ بڑا اندھیرا ہے“ مہم کے تحت تعلیمی انقلاب بپا کیا جائے گا، تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرکے ہر بچے اور ہر علاقے تک علم و شعور کی روشنی پہنچائی جائے گی۔

صحت مند پاکستان کے لیے جدید ہسپتالوں کا نیٹ ورک آبادی کے تناسب سے ضروری ہے، جبکہ غریبوں کو مفت طبی سہولتیں دینا اور ہر علاقے میں موبائل ہسپتالوں کا نیٹ ورک ہماری ترجیح ہے۔

انصاف کے بغیر معاشرہ قوم اور ملک قائم نہیں رہ سکتا ہم سستا اور فوری انصاف پاکستان کا مقدر بنائیں گے، غریبوں اور مظلوموں کو مفت قانونی معاونت فراہم کرنا ہمارا عزم ہے، روایتی تھانہ کلچر اور رشوت و سفارش کا ماحول انصاف کے ساتھ بدل دیا جائے گا۔

پائیدار داخلہ، خارجہ اور دفاعی پالیسیاں بنائی جائیں گی تاکہ پاکستان امن کا گہوارہ اور ورلڈ سپر پاور بن سکے، معیشت کا مرکزی روٹ اور انڈسٹریل زونز کا جال بن جائے، سرکاری نوکریاں میرٹ پر دی جائیں گی جبکہ علاقائی صوبائی اور قومی سطح پر روزگار کے مواقع عام ہوں گے۔

عدم برداشت، بے حیائی کا خاتمہ کرکے ملک کو پاکیزہ ماحول اور مکالمے و دلیل کی فضا قائم کی جائے گی جس سے مذہبی ہم آہنگی پیدا ہوگی، چادر اور چار دیواری کا تحفظ ہوگا ملک سے موروثی، ذاتی ترجیحات والی سیاست کو ختم کرنے کے لیے آئینی اور قانونی اقدامات کئے جائیں گے جہاں صرف آپ کو ترقی کا پہیہ چلتا نظر آئے گا، شخصیات کا پروٹوکول نہیں پالیسیوں کو تسلسل حاصل ہوگا۔

تبصرہ کریں